بھٹکل یکم اکتوبر (ایس او نیوز) سرکاری ہائی اسکول بیلکے کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اسکول کے طلباء نے محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے منعقدہ مختلف مقابلوں میں شاندار کامیابی درج کی ہے اور اسکول کا نام روشن کیا ہے۔
شیموگہ میں ضلعی سطح کے شطرنج مقابلے میں بیلکے اسکول کی طالبہ انوشا نرسنگھ نائک نے ضلع کاروار کی نمائندگی کی اور پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ضلعی لیول اسپورٹس میں کبڈی مقابلے میں ہائی اسکول کی نمائندگی کرنے والے ونود لچھمیا نائک اور کیرتی راج موگیر زونل لیول مقابلے کے لئے منتخب ہوگئے ہیں۔اور ابھیشیک واسو موگیرکوسال 2015-16کے 'انسپائیر ایوارڈ'کے لئے ریاستی مقابلے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
اسکول کی ایس ڈی ایم سی کے صدر اور رکن اسمبلی منکال ایم وئیدیا، کمیٹی کے تمام اراکین، گرام پنچایت صدر رمیش نائک کے علاوہ اسکول کے ہیڈ ماسٹرچندر کانت جی گاؤنکر اور بچوں کے والدین نے اس شاندار کامیابی کے لئے ان طلباء کی اور انہیں مناسب رہنمائی فراہم کرنے والے فزیکل انسٹرکٹر پرکاش مادھو شیرالی اور سائنس ٹیچر منجوناتھ ایم نائک کی ستائش کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔